غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) سکیورٹی اور خاندانی ذرائع نے منگل کے روز غزہ شہر کے مغرب میں قابض اسرائیلی فوج کے ایک خصوصی دستے کی طرف سے انجام دیے جانے والے خصوصی آپریشن کے حوالے سے نئے انکشافات کیے ہیں۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ داخلی سکیورٹی سروس کے افسر معین العرابید کی اہلیہ سماح مرعی العرابید (الخالدی) نے اپنے دو بیٹوں کے ہمراہ گھر سے اپنے شوہر کے انخلا کو یقینی بنانے کی کوشش میں گھر میں گھسنے والی قابض اسرائیلی فورس کا بہادری سے مقابلہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سنہ 47 سالہ العرابید اپنے بیٹے عبیدہ کی شادی کی تقریب کی تیاری کر رہی تھیں جب ایک قابض اسرائیلی اسپیشل فورس نے غزہ شہر کے مغربی علاقے میں واقع خاندان کے گھر پر دھاوا بولا۔ انہوں نے اپنے دو بیٹوں کے ہمراہ حملہ آور فورس کا سامنا کیا تاکہ ان کے شوہر کو وہاں سے نکلنے کا موقع مل سکے۔ قابض صہیونی فوج نے ڈٹ جانے والی اس بہادر خاتون کو اندھا دھند گولیاں مار کر شہیدکردیا
ماں اور اس کے دو بیٹے قابض اسرائیلی اسپیشل فورس کے مقابلے میں
ذرائع کے مطابق العرابید اور ان کے دونوں بیٹوں نے جائے وقوعہ کے گردونواح میں موجود مزاحمتی جوانوں کی مدد سے قابض فورس کا مقابلہ کیا۔ ذرائع نے اسپیشل فورس کے ارکان کی تعداد کا تخمینہ لگ بھگ 10 عناصر لگایا جو اس آپریشن کو انجام دینے کے لیے پوری طرح سے لیس تھے۔
اس مقابلے کے نتیجے میں ان کے دونوں بیٹے شدید اور خطرناک زخموں کا شکار ہو گئے، جبکہ قابض فوج نے جھڑپ کے دوران زخمی ہونے کے بعد ان کے شوہر معین العرابید کو گرفتار کر لیا جیسا کہ ایک ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے جس نے ان لمحات کی عکاسی کی۔
خاندان نے بتایا کہ ماں اور ان کے دونوں بیٹوں نے اسیر والد کے انخلا کے لیے کور فراہم کرنے کی غرض سے حملہ آور فورس کا مقابلہ کرنے کے لیے پیش قدمی کی اور شدید فائرنگ، طیاروں کی آوازوں اور دھماکوں کے باوجود اپنا مقابلہ جاری رکھا۔
ذرائع نے مزید کہا کہ اس آپریشن کو اسرائیلی فضائی کور حاصل تھا۔ فضا سے فراہم کی جانے والی فائرنگ نے اسپیشل فورس کو اس قابل بنایا کہ وہ اپنا مشن جاری رکھے اور جھڑپ کے مقام سے واپس جانے میں کامیاب ہو سکے۔
غز شہر کے مغرب میں ایک خصوصی اسرائیلی آپریشن
قابض اسرائیلی فوج نے منگل کے روز غزہ شہر کے مغرب میں سرکاری انصار کمپلیکس کے قریب الکتیبہ کے علاقے میں ایک خصوصی عسکری آپریشن انجام دیا تھا جس میں داخلی سکیورٹی کے ایک افسر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق قابض اسرائیلی اسپیشل فورس اور مزاحمتی سکیورٹی کے افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس کےبعد قابض فوج جھڑپ کے دوران زخمی ہونے والے داخلی سکیورٹی سروس کے افسر معین العرابید کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی۔