( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) غرب اردن ۔ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں جنین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں دو ہفتے قبل زخمی ہونے والا ایک فلسطینی شہری اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
نابلس کے ایک اسپتال کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینی کو لایا گیا تھا۔ اس کے پیٹ میں گولیاں لگی تھیں جس کے نتیجے میں اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہوگئی تھی۔
ڈاکٹروں نے دو ہفتے تک نوجوان کی زندگی بچانے کی کوشش کی مگر بہت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے وہ جاں بر نہ ہوسکتا اور اسپتال میں دم توڑ گیا۔
خیال رہے کہ فلسطینی شہری ضیا الصبارینی کو دو ہفتے قبل اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا تھا جس کے بعد اسے نابلس کے ایک اسپتال میں لےداخل کیا گیا تھا۔