فلسطین کے میڈیکل ذرائع نے اسرائیلی طیاروں کی جانب سے غزہ کی پٹی کے جنوبی ضلع رفح پر کی گئی بمباری میں ایک فلسطینی کی شہادت اور دو کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ حملے میں مصر سے ملحق سرحد پر کھودی گئی سرنگوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ . غزہ کی پٹی میں میڈیکل سروسز کے ترجمان ادھم ابوسلمیہ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینی کی شناخت نہ ہو سکی ہے۔ شہید کے جسد خاکی کو جب رفح کے ابویوسف ہسپتال لایا گیا تو ٹکڑوں میں ہونے کی وجہ سے اس کو شناخت کرنا ممکن نہیں تھا۔ دوسری طرف مصر سے ملحق سرحد پر اسرائیل کی غارت گری میں دیگر دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ فلسطینی سیکیورٹی ذرائع نے بدھ کے روز کہا کہ اسرائیل کی جانب سے اس سرحدی علاقے پر بمباری کرنے کی دھمکیوں کے بعد مصر کے سیکیورٹی اہلکار، سرنگوں میں کام کرنے والے مزدور اور سرحدوں کے قریب رہائش پذیر فلسطینی یہ علاقہ خالی کر چکے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ صہیونی بمباری کے امکان کے پیش نظر مصری کی سکیورٹی ذرائع نے فلسطین کی قومی سیکیورٹی سے بھی علاقہ خالی کرنے اور سرنگوں کے مزدوروں اور علاقے میں مقیم فلسطینیوں سے کسی اور جگہ منتقل ہونے کا مطالبہ کر رکھا تھا۔