مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران فلسطینیوں کی جانب سے غاصب دشمن کے خلاف مزاحمتی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں، جہاں مجموعی طور پر 31 کارروائیاں ریکارڈ کی گئیں، جن میں وحشی آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے حملوں کا دلیری سے مقابلہ کرنا بھی شامل ہے۔
فلسطین انفارمیشن سینٹر (معطی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس نے آباد کاروں کے حملوں کے خلاف 6 دفاعی کارروائیوں کو دستاویزی شکل دی ہے، جبکہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے 18 مختلف مقامات پر قابض دشمن کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں اور پتھراؤ کیا گیا۔
آباد کاروں کے خلاف دفاعی کارروائیاں عناتوت بستی اور بیت اکسا میں عمل میں لائیں گئیں، جہاں غیور نوجوانوں نے پتھراؤ کر کے آباد کاروں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ اس کے علاوہ دفاعی مزاحمت کے یہ واقعات المغیر، دیر دبوان، دیر نظام اور بیت عور الفوقا کے ساتھ ساتھ خلہ النحلہ کے علاقوں میں بھی پیش آئے۔
قابض اسرائیلی افواج کے ساتھ تصادم کے 18 مقامات میں قلندیا کیمپ، حزما، کفر عقب اور ام الشرایط کے علاوہ بیت فوریک، عراق بورین اور نابلس شہر شامل رہے۔
پتھراؤ اور جھڑپوں کا یہ سلسلہ طولکرم، العروب کیمپ اور الخلیل شہر تک بھی پھیل گیا جہاں فلسطینیوں نے غاصب دشمن کی سفاکیت کا جم کر مقابلہ کیا۔
مغربی کنارے میں قابض اسرائیل کی مذمت میں 4 بڑے احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے، جو الخلیل، دیر دبوان، المغیر اور رام اللہ شہر میں منعقد ہوئے تاکہ دنیا کو فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی اور مظالم سے آگاہ کیا جا سکے۔
