مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے تمام علاقوں میں اپنے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ باہمی اتحاد کو مضبوط کریں، قابض دشمن اور اس کے یہودی آباد کاروں کے حملوں کا مقابلہ کریں، زمین، دیہات اور املاک کا تحفظ کریں اور اپنی زمین اور عوام کے قومی حقوق کے دفاع میں بیدخلی، یہودی بستیوں کی تعمیر اور الحاق کے منصوبوں کو ناکام بنائیں۔
جمعرات کے روز جاری کردہ ایک پریس بیان میں ’حماس‘ نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں ہمارے عوام پر مسلح یہودی آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے حملے جنہیں قابض صہیونی فوج کی پشت پناہی اور حمایت حاصل ہے ایک منظم پالیسی کا حصہ ہیں جس کا مقصد ہمارے عوام اور ان کی زمین کو نشانہ بنانا اور الحاق، جبری بیدخلی اور نسلی تطہیر کے منصوبوں کو نافذ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے لیے تمام سطحوں پر سنجیدہ اور مؤثر اقدام کی ضرورت ہے تاکہ ان جرائم کو روکا جا سکے اور ان کے مرتکب افراد کا محاسبہ کیا جا سکے.
بیان میں ان دونوں شہداء عمر محمد نعسان اور خليل أبو عليا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جو مقبوضہ مغربی کنارے کے گاؤں المغیر میں یہودی آباد کاروں کے حملوں کے خلاف ہمارے عوام کی بہادرانہ مزاحمت کے دوران قابض فوج اور اس کے یہودی آباد کاروں کے غنڈوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر جام شہادت نوش کر گئے۔
’حماس‘ نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے شہداء کا خون اور قابض دشمن اور اس کے یہودی آباد کاروں کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں ہمارے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور قابض دشمن کے بڑھے ہوئے جرائم ہمارے عوام کے عزم کو توڑنے یا انہیں ان کی زمین سے اکھاڑ پھینکنے میں کامیاب نہیں ہوں گے بلکہ یہ انہیں اپنے حقوق سے وابستگی اور قابض دشمن کے یہودی بستیوں اور بیدخلی کے منصوبوں کا مقابلہ کرنے میں مزید ثابت قدمی عطا کریں گے۔
