مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے رہنما محمود مرداوی نے کہا ہے کہ قابض حکومت کی سرکاری سرپرستی میں جنین کے جنوب میں صانور بستی کی دوبارہ آباد کاری ایک خطرناک اور اشتعال انگیز قدم ہے جس کا مقصد مغربی کنارے میں فلسطینی وجود کو نشانہ بنانا اور اسے یہودی رنگ میں رنگنا ہے۔
محمود مرداوی نے اتوار کے روز ایک پریس بیان میں واضح کیا کہ آباد کاروں کے رہنماؤں اور قابض حکومت کے وزراء کی موجودگی میں اس بستی کا افتتاح آباد کاری کے ایک ایسے بے مثال پھیلاؤ کی عکاسی کرتا ہے جو الحاق کے منصوبوں اور فلسطینی زمینوں پر مکمل قبضے کے فریم ورک کا حصہ ہے۔
انہوں نے خاص طور پر شمالی مغربی کنارے میں آباد کاری کے منصوبوں میں تیزی اور ان بستیوں کی دوبارہ آباد کاری کے نتائج پر خبردار کیا جنہیں پہلے خالی کر دیا گیا تھا، انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ پالیسیاں زمینی حقائق کے لیے انتہائی خطرناک ہیں۔
انہوں نے فلسطینی عوام سے “بڑے پیمانے پر متحرک ہونے” اور عوامی غم و غصے کو مہمیز دینے کے ساتھ ساتھ مزاحمت کے تمام ذرائع کو فعال کرنے کی اپیل کی تاکہ ان آباد کاری کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے اور فلسطینی اراضی کو غاصبانہ حملوں سے بچایا جا سکے۔
واضح رہے کہ قابض اسرائیل کے وزراء نے آج اس صانور بستی کو دوبارہ آباد کرنے کا افتتاح کیا ہے جسے تقریباً 20 سال قبل خالی کر دیا گیا تھا، یہ اقدام ایسے بیانات کے ساتھ سامنے آیا ہے جس میں فلسطینی ریاست کے قیام کو مسترد کیا گیا اور غزہ کی پٹی میں دوبارہ آباد کاری کی دعوت دی گئی۔
صانور بستی شمالی مغربی کنارے میں جنین شہر کے جنوب مغرب میں واقع ہے اور اسے سنہ 2005ء میں “علیحدگی کی پالیسی” کے تحت خالی کیا گیا تھا، جس میں غزہ کی پٹی سے انخلاء اور مغربی کنارے کی تین بستیوں کو خالی کرنا شامل تھا۔
اسی تناظر میں جنگی مجرم اور عالمی فوجداری عدالت کو مطلوب بنجمن نیتن یاھو کی سربراہی میں قابض حکومت نے آباد کاری میں توسیع کی رفتار کو تیز کر رکھا ہے، جس نے سنہ 2025ء کے دوران 54 بستیوں کی تعمیر کی منظوری دی، جبکہ سنہ 2022ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک 100 سے زائد بستیوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔
