غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے تحت قائم آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ جس نے غاصب اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کی پٹی اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کے خلاف کیے جانے والے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کو دستاویز کیا ہے اور غزہ میں نسل کشی کے مسلسل جاری رہنے کی تصدیق کی ہے، فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم اور مظالم کی وسعت کا ایک نیا عالمی ثبوت ہے۔
حماس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ یہ رپورٹ جنگی جرائم کے مرتکب مجرموں کے سزاؤں سے مسلسل بچ نکلنے کی ایک نئی عالمی گواہی ہے۔ تحریک نے نشان دہی کی کہ رپورٹ میں شامل ہولناک مظالم اور منظم جرائم بنیامن نتن یاھو حکومت کی ان پالیسیوں کی عکاسی کرتے ہیں جن کا مقصد فلسطینی عوام کو ان کی زمین سے برطرف کرنا اور ان کے وجود کو مٹانا ہے۔
حماس نے زور دے کر کہا کہ رپورٹ میں جن مظالم کو دستاویز کیا گیا ہے وہ اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی برادری کی اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکامی اور فلسطینی عوام کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنے میں ان کی بے بسی کو بے نقاب کرتے ہیں۔
حماس نے اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی برادری سمیت تمام اداروں اور ممالک سے اپیل کی کہ وہ رپورٹ کی سفارشات پر عمل درآمد کے لیے سنجیدہ اقدام کریں اور قابض دشمن کے جابرانہ تسلط کا خاتمہ کرنے اور اسے مکمل ختم کرنے کے لیے حتمی فیصلے کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اور قومی عدالتوں میں مقدمات قائم کیے جائیں تاکہ فلسطینی عوام اور ان کی زمین کے خلاف کیے جانے والے مظالم اور تجاوزات کے ذمہ داروں کا سخت محاسبہ یقینی بنایا جا سکے۔
حماس کا یہ موقف اقوامِ متحدہ کی آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی کی اس نئی رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیل کی جانب سے انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے اور غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے جرم کو جاری رکھنے کو دستاویز کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں اسرائیلی عسکری کارروائیوں، جنونی یہودی آباد کاروں کے حملوں اور ان کے نتیجے میں ہونے والے قتلِ عام، گھروں کی مسماری، آبادی کی قسراً منتقلی اور سخت انسانی حالات مسلط کرنے کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ نام نہاد ’پیلی لائن‘ کے قریب اسرائیلی کنٹرول کو وسعت دینے کے ساتھ غزہ میں عام شہریوں کی شہادتوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
