فلسطینی مجلس قانون ساز کے اسپیکر ڈاکٹر عزیز دویک نے مصری صدر حسنی مبارک کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے غزہ کے گرد اہنی باڑکی تعمیر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پیر کے روز عرب نشریاتی ادارے”القدس نیوز چینل” کو انٹرویو میں عزیز دویک نے کہا کہ ہمیں مصری صدر کے بیان پر شدید تحفظات ہیں، انہوں نے استفسار کیا کہ آیا حسنی مبارک دیوار کی تعمیر جاری رکھنے کے بجائے فلسطینیوں کے افلاس ختم کرنے کا اعلان نہیں کر سکتے تھے۔ ایک جانب وہ فلسطینیوں کا افلاس دور کرنے کے دعوے کرتے ہیں اور دوسری جانب وہ زیر زمین دیوار کی تعمیر کے احکامات دے کرغزہ کی غربت کو مزید بڑھانے پر عمل پیرا ہیں۔ ڈاکٹرعزیز دویک نے کہا ہمیں اب بھی امید ہے کہ مصر فلسطینی عوام کی مشکلات دور کرنے کے لیے دیواروں کی تعمیر کے بجائے غزہ کے تمام بند راستے کھولے گا۔ انہوں نے مصری صدر اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ غزہ کے تمام بند راستے کھول کر اشیائے خوردنوش اور دیگرسامان کی ترسیل کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطینی اور مصری عوام کو متحد ہونا ہو گا