فلسطینی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی نے مغربی کنارے میں صدر محمود عباس کے زیر انتظام عباس ملیشیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے زیرحراست تنظیم کے بیمار راہنما عبدالفتاح خزیمیہ کو فوری طور پر رہا کرے۔ اتوار کے روز رام اللہ میں تنظیم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عبدالفتاح خزیمیہ نے دوران حراست تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف احتجاجاً بھوک ہڑتال کر رکھی ہے جس کے باعث ان کی نہایت تشویشاک ہو چکی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر عباس ملیشیا نے تنظیم کے اسیر راہنما کو فوری طور پر رہا نہ کیا توان کی جان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جس کی تمام ترذمہ داری عباس ملیشیا پر عائد ہو گی۔ جہاد اسلامی نے اپنے بیان میں عباس ملیشیا اور فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا ہے کہ جیلوں میں بند تمام سیاسی اسیروں کی فوری رہائی کا اعلان کرتے ہوئے گرفتاریوں کا باب مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرے۔ واضح رہے کہ مغربی کنارے میں محمود عباس کے زیر کمانڈ سرگرم فورسز نے مختلف مزاحمتی تنظیموں سے وابستہ ایک ہزار سے زائد افراد کو جیلوں میں ڈال رکھا ہے جنہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔