اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے پاکستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب کے سبب ہونے والے نقصانات اور ہزاروں افراد کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے،امت مسلمہ اور عالمی برادری سے بے سروسامانی کے عالم میں کھلے آسمان تلے موجود لاکھوں بے گھر افراد کی فی الفور مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی بلاک کے رکن عزت رشق نے منگل کے روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ حماس کو پاکستان میں آنے والے حالیہ انتہائی خطرناک سیلاب کی وجہ سے سیکڑوں گاؤں پانی میں بہنے، ہزاروں افراد کے لقمہ اجل بننے اور لاکھوں افراد کے ہجرت پر مجبور ہونے پر شدید رنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مصیبت کے موقع پر ہم متاثرہ افراد کے خاندانوں اور پاکستانی قوم کے ساتھ اپنے گہرے دکھ اظہار کرتے ہیں اور اللہ کے حضور دعا گو ہیں کہ وہ مرنے والوں کو اپنی جوار رحمت میں جگہ اور پیچھے رہنے والوں صبر عطا فرمائے اور زخمی ہونے والوں کو جلد از جلد صحتیاب فرمائے۔ رشق نے اپنے بیان کے آخر میں اسلامی دنیا سے پاکستانی بھائیوں کے لیے فوری امداد بھیجنے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے دنیا بھر کی تمام سیاسی، انسانی اور امدادی تنظیموں سے پاکستان کے ایک بڑے حصے پر تباہی پھیلانے والے سیلاب کے نقصانات کا انذازہ لگانے کی اپیل کی۔