کوئٹہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان بلوچستان چیپٹر کے تحت منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں بشمول مولانا عبدالحق ہاشمی(امیر جماعت اسلامی بلوچستان)،سینیٹر میر مہیم خان بلوچ( بزرگ قوم پرست رہنما)،پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی(وائس چیئرمین سنی سپریم کونسل بلوچستان)،مقصودعلی ڈومکی(مرکزی ترجمان مجلس وحدت مسلمین پاکستان)،مولانا رانا محمد اشفاق(صوبائی امیر جماعت الدعوۃبلوچستان) سمیت ڈاکٹر عطاء الرحمان، مولانا منور سولنگی اور سہیل شیرازی نے کہا کہ ہر سال دنیا کے کروڑوں لوگ فلسطین پر صہیونی ناجائز تسلط کے خلاف اور قبلہ اول بیت المقدس و سر ز مین فلسطین کی آزادی کے لئے عالمی یوم القدس مناتے ہیں۔
اسرائیل سنہ1948ء میں دنیا میں آنے والا سب سے خطر ناک کورونا وائرس ہے ۔ موجودہ حالات میں کورونا وائرس اور اسرائیل نامی کورونا وائرس دونوں انسانیت کے لئے خطرہ ہیں ۔ یوم نکبہ اور جمعۃ الوداع یوم القدس کے عنوان سے ہفتہَ آزادیَ القدس مہم 15مئی سے 22مئی تک چلائی جائے گی ۔ عوام یوم القدس کے موقع پر جمعۃ الوداع کو گھروں کی چھتوں اور کھڑکیوں سے پاکستان اور فلسطین کے پرچم لہرا کر یوم القدس میں شامل ہوں ۔
غاصب اسرائیل کے قیام کے دن یوم نکبہ کی مناسبت سے ملک بھر میں سوشل میڈیا پر#covid1948 مہم چلائی جائے گی ۔ فلسطین پر قائم کی جانے والی ناجائز ریاست اسرائیل کے قیام کے دن کے خلاف فلسطینیوں کے حق میں یوم نکبہ اور رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القد س کی مناسبت سے 15مئی تا 22مئی تک ہفتہ َ آزادی َ القدس بعنوان ’’القدس شہداء کا راستہ‘‘ شعار کے تحت منایا جائے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ صورتحال اور لاک ڈاؤن کے پیش نظر ملک بھر میں بڑی سرگرمیاں انجام نہیں دی جا رہی ہیں تاہم فلسطین کے مظلوموں کو اس موقع پر کورونا سمیت اسرائیل کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا تاہم فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت ملک بھر میں سوشل میڈیا پر بھرپور مہم چلائی جائے گی جبکہ دیگر شہروں میں بھی پریس کلانفرنسز کانعقاد کر کے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے ناپاک وجود کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا ۔
ہم پاکستان کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں سمیت سول سوسائٹی اور این جی اوز سے اپیل کرتے ہیں کہ ہفتہَ آزادیَ القدس کے دوران آن لائن تحریری و سوالاتی مقابلہ جات کئے جائیں اور ذراءع ابلاغ کے ذریعہ پاکستان بھر کے عوام تک فلسطینیوں کی مظلومیت کا پیغام پہنچایا جائے ۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان بانیان پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے وضع کردہ اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھے گی ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں موجود اسرائیل نواز لابی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے اور وزیر اعظم اپنی صفوں میں گھس جانے والے اسرائیلی ایجنٹوں کا صفایا کریں ۔
ہم اس موقع پر سر زمین بلوچستان کوئٹہ کے ان شہداء کو سلا م عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے قبلہ اول اور سرزمین فلسطین کی آزادی کے لئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ان شہداء کا پاکیزہ خون رنگ لائے گا اور ان شاء اللہ عنقریب قبلہ اول بیت القدس اور فلسطین آزاد ہوگا۔
پاکستان کے عوا م اور ان کی نمائندہ سیاسی مذہبی جماعتوں نے ہمیشہ تحریک آزادی فلسطین کی حمایت کی ہے۔ ہم اس موقع پر کشمیر کے مظلو م عوام کی جدوجہد آزادی کی بھی حمایت کرتے ہوئے عالی برادری خصوصا امت مسلمہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہر سطح پر آزادی کشمیر کے حق میں آواز بلند کریں۔