غزہ کی تعمیر نو اور معاشی ناکہ بندی کے اثرات کم کرنے لیے لیے برطانیہ اور عالمی ادارہ تعمیرنو کے دو الگ الگ وفود کل جمعہ کے روز غزہ پہنچے. مرکز اطلاعات فلسطین کےمطابق برطانوی حکومتی وفد اور عالمی تعمیر نو بورڈ کے وفد کی آمد غزہ کی امداد لے کرا ٓنے والے یورپی امدادی قافلے”میلوں کی مسکراہٹ” ہی کا حصہ ہے. توقع ہے یہ امدادی قافلہ خشکی کے راستے ہفتے کی شام تک غزہ پہنچ جائے گا. اس قافلے میں یورپ اور دیگر ممالک کی تقریبا 60 سے زائد اہم شخصیات اور پارلیمنٹیرینز شامل ہیں. ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز برطانوی دارالامراء کے دو اور دارالعوام ایک رکن جبکہ رفاہی ادارے “انٹرپال” کے چیئرمین غزہ پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا برطانوی وفد اور بین الاقوامی تعمیر نو کے ادارے کے وفد نے غزہ آمد کے بعد اسرائیلی حملوں میں تباہ ہونے والے بعض سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر کا جائزہ لیا. وفد کے شرکاء آج ہفتے کے روز فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ، حکومت کی دیگر شخصیات اور مجلس قانون ساز کے ارکان سے ملاقاتیں کریں گے اور غزہ کی تعمیرنو کے حوالے سےتبادلہ خیال کیا جائے گا. وفد کے آج کے شیڈول میں غزہ میں دیر البلح کے مقام پرایک چلڈرن اسپتال کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنا بھی شامل ہے. اسپتال کی عمارت کی تعمیر کا کام اردنی معماروں کو سونپا گیا ہے جبکہ اس کے لیے تعاون برطانوی دارالامررا اور دارالعوام کے ممبران اور عالمی تعمیر نو بورڈ کی جانب سے کیا گیا ہے.