برطانوی دارالحکومت لندن میں حکومتی دفتر کے قریب ہزاروں افراد کا دھرنا، یہ احتجاجی دھرنا متعدد شہری تنظیموں کی جانب سے ’’فریڈم فلوٹیلا‘‘ پر اسرائیلی قتل عام کی مذمت میں منعقد کیا گیا تھا۔ بین الاقوامی سمندری حدود میں کیے جانے والے اس صہیونی حملے میں 19 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ دھرنے کے شرکاء نے فلسطینی جھنڈے اور مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے جس میں غزہ کی پٹی میں محصور 15 لاکھ فلسطینیوں کی مدد کے لیے ادویات اور غذائی اجناس لے کر جانے والے سرگرم کارکنوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا تھا۔ اس موقع پر برطانوی پولیس نے حکومتی دفاتر کی جانب جانے والی ڈاؤننگ سٹریٹ کو بند کر دیا۔ مظاہرین نے طے شدہ پروگرام کے تحت حکومتی دفاتر سے اسرائیلی سفارت خانے کا رخ کر لیا۔