فلاڈیلفیا (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) معروف برطانوی گلوکار ایڈ شیرن نے غزہ کی صورتحال پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اسے تباہ کن، ناقابل جواز اور غیر متناسب قرار دیا ہے، جبکہ امریکی شہر فلاڈیلفیا میں اپنے کنسرٹ کے دوران مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے وہ آبدیدہ بھی ہوگئے۔
ایڈ شیرن کا یہ کنسرٹ ان کے “لوپ ٹور” میں پیدا ہونے والے حالیہ تنازع کے بعد پہلا شو تھا۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب امریکی ریپر میکلمور کو فلسطین کی حمایت میں بیان دینے کے بعد ٹور سے الگ کردیا گیا، جس کے بعد متعدد دیگر فنکاروں نے بھی ٹور سے دستبرداری اختیار کرلی۔
فلاڈیلفیا کے لنکن فنانشل فیلڈ میں مداحوں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈ شیرن نے کہا کہ عام طور پر وہ اپنے شو کا آغاز اس انداز میں نہیں کرتے، تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے واقعات کے بارے میں کچھ بات کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان سے غلطیاں ہوئی ہیں اور وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔ غزہ اور فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایڈ شیرن نے کہا کہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور اب وہ اس بارے میں اپنے جذبات کو مزید چھپا نہیں سکتے۔
انہوں نے 7 اکتوبر کو اسرائیل اور نووا میوزک فیسٹیول میں پیش آنے والے واقعات کو ہولناک قرار دیا، جبکہ غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ تباہ کن، ناقابل جواز اور غیر متناسب ہے۔
”
ایڈ شیرن نے غزہ میں شہریوں اور بچوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے میں ہونے والی ناانصافی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ کبھی بھی ایک سرگرم سیاسی گلوکار نہیں بننا چاہتے تھے اور ہمیشہ ان کی کوشش رہی ہے کہ ان کے کنسرٹس ہر شخص کیلئے ایک محفوظ جگہ ہوں۔
میکلمور تنازع کیا ہے؟
رپورٹ کے مطابق حالیہ تنازع کا آغاز رواں ماہ نیوجرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ہوا، جہاں میکلمور نے ایڈ شیرن کے کنسرٹ میں پرفارم کرتے ہوئے “فری فلسطین” کا نعرہ لگایا اور اپنا گانا “Hind’s Hall” پیش کیا۔
بعد ازاں اسرائیلی امریکن کونسل کی جانب سے میکلمور کو ٹور سے ہٹانے کا مطالبہ سامنے آیا۔
میکلمور نے بعد میں کہا کہ اسٹیڈیم مالکان کی جانب سے پروموٹر کو بتایا گیا تھا کہ انہیں مزید پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایڈ شیرن نے سوشل میڈیا پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میکلمور کو ٹور سے الگ کرنے کا فیصلہ ان کی جانب سے نہیں بلکہ ٹور پروموٹر میسینا ٹورنگ گروپ کی جانب سے کیا گیا تھا۔
میکلمور کے ٹور سے الگ ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر فنیاس، لوکاس گراہم، ایرن رو اور آئرش بینڈ بیوگا نے بھی ایڈ شیرن کے ٹور سے دستبرداری اختیار کرلی۔
ایڈ شیرن نے نیا بینڈ تشکیل دے دیا
اچانک اپنے دیرینہ ساتھی موسیقاروں سے محروم ہونے کے بعد ایڈ شیرن نے اپنی پرانی ساتھی اور وائلن نواز ایلیشیا اینسٹروم سے رابطہ کیا، جنہوں نے چند ہی دنوں میں نئے موسیقاروں پر مشتمل گروپ تیار کیا۔
فلاڈیلفیا کنسرٹ کے دوران ایڈ شیرن نے اپنے نئے بینڈ کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ مائیک ڈرمز، سی جے کی بورڈ، ایرک باس، کلے گٹار جبکہ ان کی دیرینہ دوست ایلیشیا وائلن بجا رہی ہیں۔
ایڈ شیرن نے حاضرین کو بتایا کہ نئے موسیقاروں کو ان کے گانے سیکھنے کیلئے صرف 3 دن ملے تھے۔
انہوں نے جذباتی انداز میں بتایا کہ ایک ایسے ہفتے میں جب انہیں یہ فکر لاحق تھی کہ ان کے ساتھ اسٹیج پر کون کھڑا ہوگا، ان پانچ موسیقاروں نے ان کا ساتھ دینے کی حامی بھری۔
غزہ کیلئے لاکھوں ڈالر کی امداد
رپورٹ کے مطابق میکلمور نے ٹور سے علیحدگی کے بعد 10 لاکھ ڈالر عطیہ کیے، جبکہ رابرٹ کرافٹ کا کہنا ہے کہ ایڈ شیرن غزہ کیلئے انسانی امداد کی مد میں 20 لاکھ ڈالر دے رہے ہیں اور وہ بھی اتنی ہی رقم عطیہ کریں گے۔
ایڈ شیرن کا “لوپ ٹور” شمالی امریکا میں جاری رہے گا، جس کے بعد نومبر اور دسمبر میں یہ ٹور لاطینی امریکا کا رخ کرے گا۔