فلسطینی اسیروں کے ساتھ یک جہتی کمیٹی نے ایمان نوفل پر مصری پولیس کی طرف سے بدترین جسمانی اور تفسیاتی تشدد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اتوار کے روز پریس کے نام جاری اپنے بیان میں کمیٹی نے کہا ہے کہ بغیر کسی جائز وجہ کے نوفل کو مصری پولیس نے قید کرکے رکھا ہے۔ کمیٹی نے مصری حکومت کو چیلیج دیا کہ وہ ایمان نوفل پر ایک الزام بھی ثابت نہیں کرسکتے۔ واضح رہے کہ ایمان نوفل حماس تحریک کے کارکن ہیں اور جنوری 2008میں جب محاصرہ زدہ غزہ سے ہزاروں تعداد میں لوگ مصر داخل ہوئے تھے تاکہ وہ اپنے لئے غذا اور ادویہ خرید سکیں۔ ایمان نوفل بھی انہی لوگوں میں شامل تھا۔اور واپسی پر غزہ میں داخل ہوتے وقت انہیں مصری پولیس نے گرفتار کیا۔ فلسطینی اسیروں کے ساتھ یک جہتی کمیٹی نے حماس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ایمان نوفل کی رہائی کیلئے مصری حکام سے رابطہ کریں اور ان کی رہائی کو ممکن بنائیں تاکہ ایمان نوفل اپنے گھر پہنچ کر چھ بچوں اور بیوی کے ساتھ رہ کر زندگی گذار سکے۔