مقبوضہ بیت المقدس کی سلوان کالونی میں اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی کے مکان پر قبضے کی کوشش میں مصروف غاصب یہودیوں کی مدد کرنا چاہی جس پر اہل علاقہ کی بھرپور مزاحمت کے نتیجے میں علاقہ میدان کارزار بن گیا، جھڑپ میں درجنوں فلسطینی اور کم از کم 07 اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے۔ دوران جھڑپ اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا۔ ابوناب نامی فلسطینی کے خاندان کے گھر پر قبضے کی کوشش میں اسرائیلی فوج کو اس وقت سخت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب فلسطینیوں نے پتھراؤ کر کے اسے بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ کالونی کے رہائشیوں نے اپنے گھروں کی چھتوں سے بھی صہیونی فوج پر پتھر برسائے۔ فلسطینیوں کی جانب سے لگائے گئے تکبیر کے نعروں میں فوج اپنے زخمیوں کو میدان میں جھوڑ کر ہی بھاگ کھڑی ہوئی جس پر فلسطینیوں نے اسرائیلی جارحیت کے باعث شدید نقصان کے باوجود بھی انسانی بنیادوں پر زخمیوں کی مدد کی۔