ترک وزیراعظم رجب طیب ایردوان اپنے دو روزہ دورے پر بیروت پہنچ گئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ترکی غزہ اور مقبوضہ بیت المقدس کی حمایت جاری رکھے گا.بیروت آمد کے بعد لبنان کے شہر عکار میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے طیب ایردوان نے خطے میں اسرائیل کے خطرناک عزائم کی شدید مذمت کی.
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق طیب ایردوان نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں اشتعال انگیز کارروائیوں سے باز رہے، کیونکہ اسرائیل کے بعض اقدامات خطے میں خون خرابے کا باعث بن سکتے ہیں. انہوں نے واضح کیا کی کہ مشرق وسطیٰ میں خانہ جنگی ہوئی تو اس کا نقصان صرف خانہ جنگی کرنے والے گروپوں ہی کو نہیں بلکہ اسرائیل کو بھی اس کا سخت نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے.
ترک وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ملک مشرق وسطیٰ میں مکمل امن اور استحکام کا خواہاں ہے. ہم اپنے حقوق کے حصول، قانون کی بالادستی کے قیام کے لیے متحد ہیں اور ظالم اور جابر قوتوں کا مل کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ غزہ اور بیت المقدس کے باشندوں کو جب تک ان کے حقوق فراہم نہیں کئے جاتے وہ مظلوموں کی حمایت جاری رکھیں گے. انہوں نے اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “ہم قاتلوں کے سامنے کھڑے ہو کر ان کے سامنے اعلان بغاوت کریں گے جب تک مظلوموں کو ان کا حق فراہم نہیں کیاجاتا ترکی چین سے نہیں بیٹھے گا.