’’عرب فورم برائے نصرت فلسطینی اسیران‘‘ کے انتظامات کرنے والے نیشنل کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ 05 اور 06 دسمبر کو الجزائر کے دارالحکومت میں ہونے والی فورم کی کانفرنس میں دنیا بھر کے سربراہان مملکت اور سابقہ حکومتوں کے سربراہان سمیت 500 عالمی شخصیات شرکت کریں گی۔ الجزائر کے اخبار ’’الخبر‘‘ نے جمعہ کے روز کی اشاعت میں کہا ہے کہ فورم کی کانفرنس کی تیاریوں کے لیے نیشنل کمیشن کے سربراہ عبد الحمید سی عفیف نے نیشنل لبریشن فرنٹ پارٹی کے مرکزی دفتر کا افتتاح کر دیا ہے۔ کانفرنس کی مناسب اور بھرپور کوریج کے لیے میڈیا کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اخبار ’’صوت الاحرار‘‘ کے ڈائریکٹر نذیر بولقرون ہونگے۔ کمیٹی کی تشکیل کا مقصد فورم کی اس تقریب کو پوری دنیا تک پہنچانا ہے تاکہ فلسطینی اسیران کی مشکلات اور مصائب کو پوری دنیا کے سامنے لایا جا سکے۔