اقوام عالم عالمی امدادی قافلے فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان حیدر آباد ڈویژن کے کو آرڈینیٹر عزیز مہدی نے حید رآباد پریس کلب کے باہر فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مظاہرے کا انعقاد فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان حیدر آباد ڈویژن کے زیر اہتمام کیا گیا تھا،مظاہرے میں درجنوں مظاہرین نے شرکت کی اور عالمی دہشت گرد امریکا اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کیا،
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈویژنل رہنما عزیز مہدی کاکہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ اقوام عالم غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر روا رکھے جانے والے انسانیت سوز مظالم کے خلاف منہ توڑ جواب دیں ،ان کاکہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت صرف فریڈم فلوٹیلا پر نہیں بلکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ امدادی قافلے میں موجود چالیس ممالک کے نمائندوں اور ان ممالک پر حملہ ہے جو ممالک اس امدادی مہم میں شریک تھے ،انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسرائیلی حملے کو عالم انسانیت پر حملہ سمجھتے ہیں اور ضروری سمجھتے ہیں کہ وہ چالیس ممالک جو امدادی مہم میں شامل تھے ان کو غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی نابودی کے لئے سخت اقدامات کرنا چاہئیں۔ان کاکہنا تھا کہ پاکستانی صحافی طلعت حسین اور دیگر شہریوںکو جلد از جلد واپس وطن لانے کے لئے حکومت پاکستان امریکی سفیر پر دباؤ بڑھائے اور پاکستانی شہریوں کی خیریت سے واپسی کو یقینی بنانے میں عملی کرداد ادا کرے۔بعد ازاں مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ مظاہرین نے ہاتھوںمیں امریکا اور اسرائیل مخالف جبکہ فلسطین حمایت اور طلعت حسین کو سلام پیش کرتے ہیں کے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ،مظاہرین نے امریکی اور اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے۔