مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کی” داخلی پٹی” نامی فوجی مشقیں شروع ہو گئی ہیں۔ پانچ روز تک جاری رہنے والی یہ فوجی مشقیں اسرائیلی تاریخ کی اس نوعیت کی سب سے بڑی مشقیں سمجھی جا رہی ہیں۔ اتوار کے روز شروع ہونے والی ان فوجی مشقوں کے پہلے مرحلے کو” ٹرننگ پوائنٹ نمبرچار” کا نام دیا گیا ہے۔
ان فوجی مشقوں میں مختلف اطراف سے اسرائیل پر فرضی حملوں کے دوران دفاع کے پس منظر میں تجربات کیے جا رہے ہیں۔ فوجی مشقوں میں اسرائیل پر فرضی طور پر شام، لبنان اور غزہ کی طرف سے بیک وقت ہونے والی راکٹوں کی بارش اور میزائلوں کے دفاع کے طریقہ کار تجربات ہوئے ہیں۔
بدھ کے روز مقبوضہ فلسطین میں ہونے والی مشقوں کے دوران یہودی آباد کاروں کو ہنگامی طور پر خود کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا تجربہ بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی فوج کے جنگی منصوبہ سازوں سے بعض پڑوسی ممالک کو اسرائیل کے فوجی مشقوں کے ارادے سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں اطمینان دلایا ہے کہ یہ فوجی مشقیں داخلی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہیں۔ ان کا مقصد کسی دوسرے ملک کے خلاف کسی قسم کی فوجی کارروائی نہیں۔