قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز بیت المقدس اور مغربی کنارے کے تمام شہروں کی ناکہ بندی کر کے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز قابض فوج نے صبح ہی سے بیت المقدس اور مغربی کنارے کے تمام اہم شہروں کی ناکہ بندی کرکے مسجد اقصیٰ کی جانب جانے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی تھی، قبلہ اول کی جانب جانے والی ہرقسم کی ٹریفک کو روک دیا گیا ہے جس کے باعث ہزاروں فلسطینی قبلہ اول میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے محروم رہے۔ پولیس اور فوج کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ مسجد اقصیٰ کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی جبکہ اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹر اور جہاز بھی فضا میں مسلسل پروازیں کرتے رہے۔ مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی نیت سے مقبوضہ فلسطین کے علاقوں سےآنے والے شہریوں نے راستوں کی ناکہ بندی کے باعث سڑکوں پر نمازادا کی۔ نماز جمعہ کے لیے مختلف تنظیموں کی طرف سے بیت المقدس میں نمازیوں کو مسجد اقصیٰ تک لانے کے لیے خصوصی بسیں چلانےکا بھی انتظام کیا گیا تھا تاہم اسرائیل کی جانب سے عائد پابندیوں کے باعث شہریوں کو یہ سہولت بھی فراہم نہیں کی جاسکی۔