اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے ضلع الخلیل میں عرب رماضین کے علاقے میں آٹھ فلسطینی شہریوں کو گھروں کی تعمیر روکنے کے نوٹس جاری کر دیے، اسرائیلی حکام کے مطابق گھروں کی تعمیر بلا اجازت شروع کی گئی ہے۔ مقامی ذرائع نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ اسرائیلی حکام کے جاری کردہ نوٹسوں میں آٹھ فلسطینی شہریوں کو اپنے گھروں کی تعمیر فی الفور روک کر 12 مارچ کو صہیونی شہری انتظامیہ کے دفتر سے رجوع کرنے کا کہا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نوٹس دیر سعیدہ کی آبادی کے رہائشیوں کو دیے گئے، دھمکی آمیز ان نوٹسسز کی تقسیم سے قبل صہیونی گارڈز نے علاقے کا دورہ کیا اور یہاں کی اراضی اور گھروں کی تصاویر بھی لیں۔ جن فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کا کہا گیا ہے ان میں اسامہ ملحم ھوارین، موسی سلیمان ھوارین، جمعہ سلیمان ھوارین، نضال ابراہیم ھوارین اور حجہ عبد فلاح ھوارین شامل ہیں۔