اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع نے کہا ہے صہیونی حکومت میں ایران کودھمکیاں دینے کی جرائت تک نہیں ہے ۔بریگیڈیر احمد وحیدی نے العالم سے گفتگوکرتے ہوئے کہا اسرائیل کی طرف سے بیان بازی صرف رائے عامہ کی توجہ ہٹانے اوراپنے اوپر پڑنےوالے عالمی دباؤ کو کم کرنے کے لئے ہے ۔اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ صہیونی حکومت اس وقت داخلی سطح پر بھی سخت دباؤ میں ہے کہا کہ صہیونی حکومت، کاروان آزادی پروحشیانہ حملے کا ارتکاب کرنے کے بعد بری طرح بین الاقوامی دباؤ میں ہے اسی لئے صہیونی حکام اپنے بعض نفسیاتی اقدامات کے ذریعہ موضوع کومنحرف کرنے کی کوشش کررہے ہيں ۔ وزیردفاع نے ایرانی بحری جہازوں کی ممکنہ تلاشی کے اقدام پراپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات محض چند ایک ملکوں نے کی ہے اوریقینی طورپر جوممالک علاقائي اوربین الاقوامی سلامتی کواہمیت دیتے ہیں وہ اس طرح کی باتوں پردھیان نہيں دیں گے انھوں نے کہا کہ اگر کسی نے ایران کے بحری جہازوں کی تلاشی لینے کی کوشش کی تو ایران اپنے مفادات کا دفاع کرنے کے لئے ہرممکنہ کاروائی کا حق اپنے لئے محفوظ رکھے گا ۔