اسرائیل کی اسپورٹس کی ٹیم کے استنبول آمد پر ترکی کےمختلف شہروں میں شدید مظاہرے کیے گئے، جبکہ استنبول میں ہونے والے ایک مظاہرے میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کے ویمن والی بال ٹیم گذشتہ روز ترکی کے شہراستنبول میں پہنچی جہاں اگلے ایک روز میں ترکی اور یورپ کی دیگر ٹیموں کے درمیان والی بال کے میچ کھیلے جا رہے ہیں. صہیونی والی بال ٹیم کی آمد پر استنبول اور ترکی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید مظاہرے ہوئے. استنبول میں ایک بڑے مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور صہیونی ٹیم کو ملک سے واپس چلے جانے کا مطالبہ کیا. مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ اکتیس مئی کو عالمی سمندر میں اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والے غزہ کےامدادی بحری جہاز فریڈم فلوٹیلا پر صہیونی حملے کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے. مظاہرین نے استنبول میں اسرائیلی قونصلیٹ کی طرف بڑھنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے انہیں روکا. مشتعل مظاہرین اور پولیس کے دمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں. جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں.