مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کا فلسطینی مزدوروں پر بہیمانہ تشدد۔ تل ابیب میں صہیونی سول انتظامیہ کی جانب اجازت نامے موجود ہونے کے باوجود اسرائیلی سرحدی گارڈز نے ان کو کام کرنے سے روک کر بے روز گار کر دیا۔ فلسطینی مزدوروں کی یونین کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ صہیونی پولیس نے سرحدی گارڈز کے ساتھ مقبوضہ فلسطین کے متعدد مقامات پر فلسطینی مزدوروں کو جارحیت کا نشانہ بنایا۔ تل ابیب کی ورک شاپس کی تلاشی کی ایک مہم کے دوران اجازت ناموں کی موجودگی کے باوجود معمول کے کاموں پر آئے درجنوں مزدوروں کو کام سے روک کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ یونین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے ایک 46 سالہ فلسطینی ورکرز کو دکان سے الگ لے جا کر اجازت نامہ طلب کیا، اجازت نامہ دکھانے پر صہیونی اہلکار طیش میں آگئے اور جعلی اجازت نامہ دکھانے کا الزام لگا کر اس پر تشدد شروع کردیا۔ فلسطینی ورکرز یونین نے اسرائیلی انتظامیہ کی حالیہ کارروائی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بے روزگار کیے جانے والے مزدوروں کو اپنے بال بچوں کا پیٹ پالنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔