قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کے ساحل پر حملہ کر کے کم ازکم چار فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے. فلسطینیوں پر حملے کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جبکہ ابھی حال ہی میں امدادی قافلے کے شہداء کا خون بھی خشک نہیں ہوا اور دوسری جانب عرب پارلیمانی اتحاد کا وفد غزہ کے دورے پر ہے۔ غزہ میں ایمرجنسی میڈیکل سروسز کےڈائریکٹر ڈاکٹر معاویہ حسنین نےمرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی بحریہ نے ساحل سمندر کے قریب الزاھرا کے مقام پر شہیروں پر فائرنگ کی . شہداء کے جسم گولیوں سے چھلنی تھے۔ دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بحریہ نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چار بجے ساحل سے کوئی 200 میٹر دور کھڑے شہریوں پر فائرنگ کی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملے کا نشانہ ساحل پر تربیتی مشقوں میں مصروف مزاحمت کار تھے۔