غزہ کی پٹی سے ملحق سمندری حدود میں اسرائیلی فوج نے ایک جارحانہ کارروائی کرتے ہوئے فلسطین کے دو مچھیروں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے مارنے کی کوشش کی بعد ازاں انہیں گرفتار کر کے نامعلوم مقام کی طرف منتقل کر دیا۔ کارروائی غزہ کے ایک سیاحتی مقام کے قریب کی گئی۔ ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے نے بتایا کہ اسرائیلی بحریہ کے اہلکاروں نے فلسطینی مچھیروں کی ایک کشتی کو روکا اور انہیں غلیظ گالیاں دینا شروع کردیں۔ انتہائی توہین آمیز سلوک کرتے ہوئے انہیں کپڑے اتارنے اور صہیونی گاڑی میں سوار ہونے کا کہا گیا۔ ہمارے نمائندے نے عینی شاہدین نے کہا کہ صہیونی اہلکاروں نے فلسطینی شکاریوں کو اشتعال دلا کر ان کو مارنے کی بھی کوشش کی، یہ مچھیرے ابھی سمندر میں تھے کہ ان پر فائرنگ کردی گئی تاہم گولیاں انہیں نہ لگیں۔ بعد ازاں دونوں فلسطینیوں کو گرفتار کر کے نامعلوم جگہ منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے چار سال غزہ کی پٹی کا محاصرہ کر رکھا ہے، غزہ کی مشرقی سرحد پر آئے روز اسرائیلی فوجی ملبہ اٹھانے والے مزدوروں کو نشانہ بناتی ہے تو مغربی جانب کے ساحل پر مچھلیوں کا شکار کرنے والے مچھیروں کو آئے روز اسرائیلی جارحیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پٹی کے دونوں اطراف اسرائیلی فائرنگ سے اب تک سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔