نابلس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض صہیونی فوج نے جمعہ کی شام نابلس شہر کے مشرق میں واقع بلدہ بیت فوریک پر یہودی آباد کاروں کے ایک حملے کے دوران ایک فلسطینی شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حراست میں لے لیا۔
ہلالِ احمر سوسائٹی فلسطین نے اطلاع دی ہے کہ قابض صہیونی فوج نے چالیس سالہ نوجوان کو گرفتار کرنے سے پہلے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جب کہ سوسائٹی نے واضح کیا کہ وہ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت اس کی حالت کا فالو اپ کر رہی ہے۔
مقامی ذرائع نے واضح کیا کہ یہودی آباد کاروں نے قابض صہیونی فوج کی سرپرستی میں بلدہ بیت فوریک کے مشرقی علاقے پر حملہ کیا، اور شہریوں کے گھروں پر دھاوا بول دیا، جب کہ اہل علاقہ نے ان کا بھرپور مقابلہ کیا۔
ذرائع نے مزید اضافہ کیا کہ قابض صہیونی فوج نے متعدد شہریوں پر تشدد کیا اور ایمبولینس کے عملے کو زخمیوں تک پہنچنے سے روک دیا، جس کی وجہ سے انہیں طبی امداد کی فراہمی میں شدید رکاوٹ پیدا ہوئی۔
یہ سفاکانہ حملہ مغربی کنارے کے فلسطینی دیہات اور قصبوں کے خلاف قابض صہیونی فوج کی سرپرستی میں کیے جانے والے یہودی آباد کاروں کے حملوں میں ہونے والے مسلسل اضافے کے پس منظر میں پیش آیا ہے۔
کمیشن برائے مزاحمت دیوار و بستی نے نگرانی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قابض صہیونی فوج اور یہودی آباد کاروں نے گذشتہ ماہ جولائی کے دوران مغربی کنارے میں کل 2256 حملے کیے، جن میں شہریوں، ان کی املاک اور اراضی پر ہونے والے حملے شامل ہیں۔
