
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مندوب خاص علی شیرازی نے کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کی غرض سے امدادی سامان لے کر آنے والےعالمی بحری جہازوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
اتوار کے روز ایرانی خبر رساں ایجنسی” مہر” کے مطابق علی شیرازی کا کہنا ہے کہ ایرانی انقلابی گارڈ کے کمانڈوز اور ایرانی بحریہ غزہ کے لیے آنے والے تمام امن جہازوں کو منزل تک پہنچانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی امدادی قافلوں کو غزہ تک پہنچانے کے لیے عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، امدادی قافلوں کو بے یارو مدد گار چھوڑا گیا تو وہ قابض اسرائیل کے حملوں سے بچانے کے لیے ایرانی انقلابی گارڈز کو اپنی خدمات انجام دینا ہوں گی۔
علی شیرازی نے مزید کہا کہ وہ سپریم لیڈر کی جانب سے ہدایات کے منتظر ہیں، جیسے ہی سپریم لیڈر کی جانب سے امدادی جہازوں کی سیکیورٹی کے لیے احکامات ملیں گے، ایرانی انقلابی گارڈز کی بحریہ پوری تیاری اور سازو سامان کے ساتھ امدادی جہازوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے فرائض سنھبال لے گی۔