مقبوضہ بیت المقدس (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) منگل کی صبح سویرے قابض اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کی گونج سنائی دی، جب یمن سے فائر کیا گیا ایک میزائل قابض ریاست کی حدود میں داخل ہوا۔ صہیونی فوج نے فوری طور پر خطرے کے سائرن فعال کر دیے، جس سے وسطی اسرائیل میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
قابض فوج کے ترجمان کے مطابق میزائل کے مانیٹر کیے جانے کے بعد فلسطین کے متعدد علاقوں میں ہنگامی سکیورٹی نظام متحرک کیا گیا۔ صہیونی داخلی محاذ کے ادارے نے بھی تصدیق کی کہ وسطی علاقوں میں سائرن کی وجہ یمن سے آنے والا میزائل تھا۔
یمنی مسلح افواج کی جانب سے یہ حملہ قابض اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر جاری وحشیانہ بمباری اور نسل کشی کے ردعمل میں کیا گیا۔ یمن واضح طور پر اعلان کر چکا ہے کہ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر وہ خاموش نہیں رہے گا۔
قابض اسرائیل نے اس سے پہلے 6 مئی کو یمن کے دارالحکومت صنعاء پر بمباری کی تھی، جس میں مرکزی ہوائی اڈے کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد بے گناہ یمنی شہری شہید ہو گئے۔ یہ حملہ اس ظالمانہ سلسلے کی ایک کڑی تھا، جس میں اسرائیل نے اپنی صہیونی درندگی کو خطے کی دیگر اقوام تک پھیلانے کی کوشش کی۔
یہ محض جنگی کاروائیاں نہیں بلکہ مظلوم انسانیت کے خلاف ایک کھلی جارحیت ہے۔ فلسطینی قوم برسوں سے صہیونی ظلم، بمباری، محاصرے اور جبری قبضے کا شکار ہے۔ ان کی پکار، ان کی آہیں اور ان کی قربانیاں آج بھی پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔