صنعاء (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) امریکی طیاروں نے پیر کی شام یمن پر فضائی حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا، جس میں الحدیدہ گورنری میں واقع جزیرہ کمران کو نشانہ بنایا گیا، جو مغربی یمن میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔ یہ چند ہفتوں میں ہونے والی سب سے زیادہ پرتشدد فوجی کارروائیوں میں سے ایک ہے۔
مقامی ذرائع نے پورے جزیرے میں پرتشدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی تصدیق کی ہے، لیکن ابھی تک کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں کہ نشانہ بنائے گئے مقامات یا حملوں کے نتیجے میں کس نوعیت کا نقصان ہوا ہے؟۔
یہ فضائی حملے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت کے بعد کیے گئے جب امریکی فضائی حملوں کی لہر نے دارالحکومت صنعا اور متعدد یمنی گورنریوں بشمول مآرب اور الجوف کو نشانہ بنایا۔
اتوار کے روز یمن کی وزارت صحت نے دارالحکومت صنعا کے ضلع بنی مطر کو نشانہ بنانے والے امریکی فضائی حملوں کے نتیجے میں سات شہریوں کی شہادت ور دیگر کے زخمی ہونے کا اعلان کیا۔
یمنی وزارت صحت نے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ صنعاء کے مغرب میں واقع ضلع بنی مطر میں ایک فیکٹری پر امریکی فضائی حملے میں سات شہری شہید اور 20 زخمی ہو گئے۔
اتوار کو بھی یمنی مسلح افواج نے اعلان کیا کہ اس کے فضائی دفاع نے ایک “دشمن” امریکی طیارے کو مار گرایا ہے۔ MQ-9 ماڈل کا یہ جہاز حجہ گورنری کی فضائی حدود میں جاسوسی کے مشن پر تھا۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع نے سند نیوز ایجنسی کو ایک پریس بیان میں کہا کہ امریکی ڈرون کو مقامی طور پر تیار کردہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا استعمال کرتے ہوئے مار گرایا گیا۔