دارالحکومت –(مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن)
اکیس یورپی ممالک نے مشرقی بیت المقدس کے علاقے (E1) میں قابض اسرائیل کے نوآبادیاتی منصوبے کی منظوری کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن و استحکام کے لیے نہایت خطرناک قدم قرار دیا ہے۔
ان ممالک نے جمعرات کو جاری اپنے مشترکہ بیان میں قابض اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اس توسیعی منصوبے سے فوری طور پر دستبردار ہو۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ ایسے یکطرفہ اقدامات، جن میں یہ نوآبادیاتی منصوبہ بھی شامل ہے، خطے میں تشدد کو ہوا دیتے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں امن و خوشحالی کی امیدوں کو سبوتاژ کرتے ہیں۔
قابض اسرائیلی حکام نے گذشتہ روز مشرقی قدس کے علاقے (E1) میں اس منصوبے کی منظوری دی تھی، جس کے تحت 3401 سے زائد نوآبادیاتی رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایک نئی نوآبادی بھی قائم کی جائے گی جس کا نام ’’عشاہل‘‘ رکھا گیا ہے، جس میں 342 رہائشی یونٹس اور متعدد عوامی عمارتیں شامل ہوں گی۔