عمان (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن)”بحیرہ مردار” میں قابض صہیونی فوج پر فدائی حملہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہداء عامر قواس اور حسام ابو غزالہ کے جسد خاکی اردن پہنچائے دیے گئے ہیں۔ جہاں انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنے کے بعد سپرد خاک کیا جائے گا۔
بدھ کو اردنی وزارت خارجہ نے قابض اسرائیلی فوج سے ان دونوں شہداء کی میتیں وصول کرنے کا اعلان کیا۔
گذشتہ 18 اکتوبر کی صبح بحیرہ مردار کے جنوب میں دو اسرائیلی فوجیوں کو شہید “قواس” اور “ابو غزالہ” نے اردن سے سرحد پار کرکے مقبوضہ علاقوں میں داخل ہونے کے بعد گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔ انہوں نے یہ کارروائی غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے رد عمل میں کی تھی۔ قابض فوجیوں نے موقعے پر ہی دونوں اردنی مجاھدین کو گولیاں مار کرشہید کردیا تھا۔
وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان سفیر سفیان القضاۃ نے ایک بیان میں کہا کہ “وزارت صحت نے دونوں لاشوں کو وصول کرنے اور اردن کو ان کی واپسی کو محفوظ بنانے کے عمل کی نگرانی کی”۔
انہوں نے کہا کہ “اردن میں متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر دونوں شہداء کے جسد خاکی شاہ حسین پل کے پار وصول کیے گئے اور اردن میں تدفین کے لیے ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا”۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ اردن کی حکومت نے شہداء قواس اور ابو غزالہ کے اہل خانہ کو ان کے بیٹوں کی میتیں وصول کرنے کی اطلاع دیے بغیر طلب کیا اور پھر انہیں سحاب قبرستان (جنوبی اردن) میں سپرد خاک کر دیا گیا۔