غرب اردن (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) قابض اسرائیلی فوج نے جمعرات کی صبح مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں گھروں پر وسیع یلغار کی، جس کے دوران متعدد شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا اور کئی مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہروں جنین، نابلس اور الخلیل پر دھاوا بولا اور شہریوں کے گھروں میں گھس کر اندھا دھند گرفتاریاں کیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ صہیونی فوج نے رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع بلہ سلواد، الخلیل کے شمال مشرق میں سعیر، بیت لحم کے مشرق میں بیت تعمر گاؤں اور نابلس کے جنوب میں بلہ بیتا پر بھی یلغار کی۔
فیلڈ میں جاری فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں جاری نسل کشی کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیلی فوج اور مسلح صہیونی غنڈے اب تک کم از کم 1017 فلسطینیوں کو شہید کر چکے ہیں اور تقریباً 7 ہزار افراد کو زخمی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 18 ہزار 500 سے زیادہ شہریوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
امریکی پشت پناہی کے ساتھ قابض اسرائیل نے 7 اکتوبر سنہ2023ء سے غزہ میں اجتماعی نسل کشی کا سلسلہ شروع کیا جس میں اب تک 63 ہزار 746 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، 1 لاکھ 61 ہزار 245 زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ اس دوران 10 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں جبکہ لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں سے بے گھر ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ قابض اسرائیل کے مسلط کردہ قحط کے باعث بدھ تک 367 فلسطینی شہید ہوئے جن میں 131 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔