غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) غزہ کے سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے کہا ہے کہ شہر غزہ کی صورت حال نہایت مشکل ہے جبکہ قابض اسرائیل بدستور نہتے شہریوں کو براہ راست نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے خبر رساں ایجنسی صفا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قابض اسرائیل اب تک نہتے شہریوں کے خلاف اجتماعی قتل عام کر رہا ہے اور بین الاقوامی قوانین و معاہدات کو پامال کر رہا ہے جو جنگ کے دوران شہریوں کی جانوں کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔
محمود بصل نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ زمینی حالات انتہائی کٹھن ہیں اور ہمارے پاس موجود وسائل نہایت قلیل اور ناکافی ہیں جو ان بڑے پیمانے کی صہیونی مجرمانہ کارروائیوں اور جاری انسانی تباہی کا مقابلہ کرنے کے لئے کسی طور کافی نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سول ڈیفنس کی کوششیں نہایت مشکل اور مہلک خطرات سے دوچار ہیں۔ اس دوران ہمارے ایک ساتھی اپنی جان قربان کر گئے جب قابض اسرائیل نے براہ راست الفلاح سکول کو نشانہ بنایا۔
محمود بصل نے مزید بتایا کہ سول ڈیفنس کے سات اہلکار اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہوئے جب وہ الفلاح سکول میں صہیونی بمباری کے بعد متاثرہ افراد کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس جنگ کا خاتمہ اور قابض اسرائیل پر دباؤ ڈال کر اس کے مجرمانہ قتل عام کو روکنا ہی وہ واحد حل ہے جس سے خون ریزی بند ہو سکتی ہے اور ہمارے عوام کی تکالیف ختم ہو سکتی ہیں۔