غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) فلسطینی مزاحمتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پیر کی شام جنوبی غزہ میں اردنی ہسپتال کے اطراف ایک کامیاب گھات لگا کر کارروائی کی گئی جس کا نشانہ قابض اسرائیل کے لیے کام کرنے والے مستعربین اور مقامی ایجنٹ بنے۔
ذرائع نے العربی ٹی وی کو بتایا کہ مزاحمت کاروں نے دشمن کے اس خفیہ دستے اور ان کے ایجنٹوں کو دستی بموں اور ہلکے و درمیانے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ان کے تقریباً پانچ اہلکار ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
قابض اسرائیل غزہ میں اپنی خونی کارروائیوں کو سہولت دینے کے لیے ایجنٹوں کا استعمال کرتا ہے، جو مزاحمت کے مراکز، اسلحہ اور اسرائیلی قیدیوں کے ٹھکانے تلاش کرنے میں دشمن کی مدد کرتے ہیں۔
گذشتہ دنوں میں قابض فوج نے اپنے ان ایجنٹوں پر زیادہ انحصار بڑھا دیا ہے اور انہیں مزاحمت کاروں کے اغوا جیسی خطرناک کارروائیوں پر مامور کیا ہے، تاکہ حساس معلومات تک پہنچا جا سکے۔ یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب غزہ پر قابض اسرائیل کا مسلسل حملہ سات سو چوبیسویں دن بھی جاری ہے۔