غزہ(مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈز نے تل الہوا کے علاقے میں قابض اسرائیلی فوج پر کی گئی اپنی تازہ کارروائی کی ویڈیو جاری کی ہے۔
جاری کردہ مناظر میں القسام کے مجاہدین کو دشمن کی ایک فوجی گاڑی کے قریب گھات لگائے دیکھایا گیا ہے، جو نہایت قریب سے اس پر حملہ کرتے ہیں۔ دھماکے کے بعد گاڑی شعلوں میں گھِر جاتی ہے جب کہ قابض فوج کے اہلکار افراتفری میں بھاگ نکلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
القسام بریگیڈز نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے مجاہدین نے قابض اسرائیلی فوج کی ایک بُلڈوزر کو “الیاسین 105” راکٹ سے نشانہ بنایا، جب کہ ایک اور کارروائی میں تل الہوا محلے میں گھسی اسرائیلی فوج پر مارٹر گولے داغے گئے۔
القسام کے مطابق یہ کارروائیاں “عصا موسیٰ” آپریشن کا حصہ ہیں جو اس وقت شروع کیا گیا تھا جب قابض اسرائیل نے “عربات جدعون 2” کے نام سے غزہ شہر پر قبضے کی نئی جارحانہ مہم شروع کی تھی۔ مجاہدین نے واضح کیا کہ دشمن کے ہر حملے کا جواب اسی شدت سے دیا جائے گا اور قابض فوج کو غزہ کی گلیوں میں رسوا کیا جائے گا۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی دھڑوں کی مسلسل جوابی کارروائیوں کے سلسلے میں القدس بریگیڈزنے اعلان کیا کہ اس کے مجاہدین نے غزہ کے مشرقی علاقے الشجاعیہ کے قریب المنطار کی بلندی پر قابض اسرائیلی فوج کے ٹھکانے پر مارٹر گولوں کی شدید بارش کی۔
فلسطینی مزاحمت کے یہ حملے اس وقت سامنے آئے ہیں جب قابض اسرائیل نے پورے غزہ پر اپنے حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔ تاہم میدانِ جنگ میں القسام بریگیڈز اور القدس بریگیڈز کی جانب سے دشمن کو پہنچنے والے جانی اور عسکری نقصان نے صہیونی فوج کے حوصلے پست کر دیے ہیں۔