غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے میں بے گھر افراد کی پناہ گاہ کے طورپراستعمال ہونے والے ایک سکول پر وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں کم سے کم سات فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
شمالی غزہ میں یہ قتل عام بیت لاہیہ میں کیا گیا جس میں ایک سکول کو نشانہ بنایا گیا جس میں بڑی تعداد میں بے گھر فلسطینی جمع تھے۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ قابض فوج نے توپخانے سے زید بن حارثہ سکول پر بمباری کی ، جس میں بیت لاہیہ سے بے گھر ہونے والے خاندان جمع تھے۔ اس وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں کم سے کم سات فلسطینی شہید ہوگئے۔
شمالی غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت مسلسل 19 ویں دن جاری ہے ۔ قابض فوج نے شمالی غزہ کی پٹی کا محاصرہ کررکھا ہے اور ہر طرف تباہی اورقتل وغارت گری کا بازار گرم ہے۔ لوگوں کو زبردستی ان کے گھروں سے نکال کر بے گھر کیا جا رہا ہے۔