صنعاء (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) یمن کی مسلح فوج نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کی شام ایک کامیاب عسکری کارروائی کے دوران قابض اسرائیل کے زیر تسلط یافا کے لُد ہوائی اڈے کو دو ڈرون طیاروں کی مدد سے نشانہ بنایا گیا۔ افواج نے اللہ کے فضل سے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔
یمنی افواج نے مرکزاطلاعات فلسطین کو موصول ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ جب امت مسلمہ حج کے مبارک موقع پر میدانِ عرفات میں وقوف کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے، اُس وقت غزہ کے نہتے فلسطینی بھائی مسلسل بہتے خون، بمباری اور ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ بغیر کسی مددگار کے، بغیر کسی آواز کے۔ حالانکہ ان مظالم کو روکا جا سکتا ہے لیکن مجرمانہ خاموشی اور عالمی بے حسی نے ان قتل عام کو طول دے رکھا ہے، جن کی مثال انسانی تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔
یمنی افواج نے امت مسلمہ کے تمام ملکوں، اداروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ خوابِ غفلت سے جاگیں، اپنی ذمہ داریوں کو پہچانیں، بے عملی، مصلحت پرستی اور دشمنوں کی غلامی کو ترک کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ وہ امت کبھی فلاح نہیں پا سکتی جو اپنی ذمے داریاں بھلا دے، اور اپنے دشمن کے سامنے جھک جائے، جب کہ اس کے پاس قوت، وسائل اور فیصلے کی آزادی موجود ہو۔
بیان کے اختتام پر زور دیا گیا کہ غزہ پر جاری وحشیانہ حملے بند ہونے اور مکمل محاصرہ ختم ہونے تک قابض اسرائیل کے خلاف عسکری کارروائیاں جاری رہیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ یمن کی انصار اللہ سے وابستہ افواج سنہ2023ء سے غزہ میں فلسطینی عوام پر جاری نسل کشی کے تناظر میں قابض اسرائیل اور اس کے حامیوں کے خلاف مؤثر عسکری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ان افواج نے بارہا نہ صرف اسرائیلی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، بلکہ قابض اسرائیل اور امریکہ کی حامی جنگی اور تجارتی کشتیوں کو بھی بحیرہ احمر میں نشانہ بنا کر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ غزہ تنہا نہیں۔