قاہرہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی قیادت کے ایک وفد نے قیادت کونسل کے سربراہ محمد درویش کی سربراہی میں مصری جنرل انٹیلی جنس سروس کے سربراہ میجر جنرل حسن رشاد سے ملاقات کی اور غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد اور قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے طے پائے معاہدے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وفد میں حماس کی قیادت کونسل اور مذاکرات کرنے والے رہ نماؤں خالد مشعل، خلیل الحیہ، زاہر جبارین،، نزار عواض اللہ، محمد نصر، اور غازی حمد شامل تھے۔
حماس کےوفد نے فلسطینی عوام کی امداد اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کے مصائب کے ازالے میں مصر کے کردار اور جاری کوششوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ حماس نے فلسطینی عوام کی نقل مکانی کو مسترد کرنے کے حوالے سے مصری موقف کی تعریف کی۔
وفد نے معاہدے پر عمل درآمد کے طریقہ کار، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور قابض فوج کی جانب سے جنگ بندی کے اصولوں پر عمل درآمد میں ہیرا پھیری پر بھی تبادلہ خیال کیا۔