غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) قابض اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز غزہ کے مختلف علاقوں پر اندھا دھند بمباری کی جس کے نتیجے میں کم از کم 25 نہتے فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوئے۔
غزہ کے طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کی صبح سے اب تک مختلف مقامات سے 25 شہداء کی لاشیں غزہ کی ہسپتالوں میں لائی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گیارہ شہداء کی لاشیں الشفاء ہسپتال منتقل کی گئیں، پانچ شہداء المعمدانی ہسپتال پہنچائے گئے جبکہ نو شہداء ناصر ہسپتال میں لائے گئے۔
قابض اسرائیلی بمباری کے دوران چھ فلسطینی موقع پر ہی شہید ہوئے، جب کہ ملبے تلے سے مزید پندرہ شہداء کی لاشیں نکالی گئیں۔ چار زخمی بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر جامِ شہادت نوش کر گئے۔
قابض اسرائیل کی درندگی کا یہ سلسلہ 7 اکتوبر سنہ2023ء سے جاری ہے جب اس نے غزہ کے خلاف ایک ہمہ گیر نسل کش جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ اس جنگ میں قابض فوج نے اجتماعی قتل عام، قحط مسلط کرنے، بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور لاکھوں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی جیسے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے، جبکہ عالمی برادری کی اپیلوں اور عالمی عدالتِ انصاف کے احکامات کو بھی کھلے عام نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
غزہ پر قابض اسرائیل کی اس وحشیانہ جنگ میں اب تک 67 ہزار 194 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ 1 لاکھ 69 ہزار 890 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شہداء اور زخمیوں کی بڑی تعداد خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ 9 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں، جبکہ لاکھوں فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔ غذائی قلت اور بھوک نے درجنوں بچوں سمیت بے شمار فلسطینیوں کی جان لے لی ہے۔