غزہ۔(مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کےعسکری ونگ القسام بریگیڈز نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے قابض اسرائیلی فوج کی ایک زمینی یونٹ کو ایک بارودی سرنگ والے جال میں پھنسایا اور پھر اس پر دھماکہ خیز حملہ کر کے اسے تباہ کر دیا۔ یہ کارروائی جنوبی غزہ کے شہر رفح کے مشرقی علاقے میں انجام دی گئی۔
القسام بریگیڈز نے اپنے سرکاری ٹیلیگرام چینل پر جاری بیان میں کہا کہ “ہماری فورسز نے محاذ جنگ سے واپسی کے بعد تصدیق کی ہے کہ انہوں نے قابض اسرائیل کی ایک زمینی فورس جس میں 12 صہیونی فوجی اور ان کے ساتھ 5 مقامی کارندے شامل تھے، کو ایک بارودی سرنگ والی سرنگ کے دھانے پر لایا۔ جیسے ہی وہ وہاں پہنچے مجاہدین نے دھماکہ کر دیا جس سے دشمن فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔”
القسام بریگیڈز نے مزید بتایا کہ “ہمارے مجاہدین نے رفح کے مشرقی علاقے النہضہ میں دشمن کے زخمی فوجیوں کے انخلا کے لیے اترنے والے ہیلی کاپٹروں کی سرگرمی کو بھی ریکارڈ کیا، یہ کارروائی 27 جولائی سنہ2025ء کو انجام دی گئی تھی”۔
اسی روز القسام بریگیڈز نے ایک اور کارروائی کی تفصیل بھی جاری کی جس میں بتایا گیا کہ “ہمارے مجاہدین نے محاذ جنگ سے واپسی کے بعد اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے پہلے سے نصب شدہ بارودی میدان میں دشمن کی متعدد ہمر گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس سے قابض اسرائیلی فوج کے اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔ یہ کارروائی 18 ستمبر سنہ2025ء کو رفح کے مشرقی محلے الجنینہ میں دیر یاسین سکول کے قریب انجام دی گئی۔”
القسام بریگیڈز کی ان کارروائیوں نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی قوتیں قابض اسرائیل کی جارحیت کے مقابلے میں پوری قوت سے ڈٹی ہوئی ہیں۔ دشمن کے جدید ہتھیار، جنگی جہاز اور تباہ کن بمباری کے باوجود غزہ کے بہادر مجاہدین اپنی سرزمین اور قوم کی آزادی کی خاطر ہر محاذ پر ناقابلِ شکست استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔