غزہ – فلسطین فائونڈیشن پاکستان فلسطین کے سرکاری میڈیا آفس نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم فوری طور پر جنگ بندی کی متقاضی ہے، کیونکہ جاری ہلاکتوں کی جنگ شہریوں کو حقیقی خطرے میں ڈال رہی ہے۔
دفتر نے ہفتے کے روز ایک بیان میں وضاحت کی کہ غزہ کی پٹی میں پولیو سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن مہم آج اتوار کو شروع ہونے والی ہے، جو کہ قابض “اسرائیلی” ریاست کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی، صحت اور انسانی تباہی کی جنگ کے تین سو تیس دن پورے ہونے کے بعد شروع ہو رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ویکسینیشن مہم غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت کی نگرانی میں اور عالمی ادارہ صحت، یونیسیف اور انروا کے اشتراک سے چلائی جا رہی ہے۔
اس مہم کے تحت 1 دن سے 10 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
منصوبے کے مطابق غزہ کی پٹی میں چھ لاکھ چالیس ہزار بچوں کو یہ ویکسین لگائی جائے گی، جو کہ 1 دن سے لے کر 10 سال تک کی عمر کے بچوں کو دی جائے گی۔
میڈیا آفس نے بتایا کہ یہ مہم یکم سے 4 ستمبر 2024 تک مرکزی گورنری میں چلائی جائے گی۔ اس کے بعد 5 سے 8 ستمبر 2024 تک خان یونس اور رفح گورنری میں منتقل ہوگی۔ اس کے بعد نو سے بارہ ستمبر 2024 تک غزہ شہر اور شمالی غزہ کی گورنری میں پولیو مہم چلائی جائے گی۔
ویکسینیشن مہم میں درجنوں فیلڈ ٹیمیں موجود ہوں گی، جو غزہ کی پٹی کے تمام محلوں، گلیوں، مراکز، نقل مکانی اور پناہ گاہوں کے کیمپوں کا دورہ کریں گی جہاں بچے رہتے ہیں۔