تہران (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ایران پر غاصب صیہونی حکومت کے حالیہ حملے کے بعد اپنے پیغام میں فلسطین کے مظلوم عوام کے دفاع اور صیہونی حکومت پر فتح کو عالم اسلام کی سربلندی قرار دیا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا جعلی صیہونی حکومت پر فتح کی میں ایرانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اتنے زیادہ شور ہنگامے اور دعووں کے باوجود صیہونی حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کی ضرب سے تقریباً زمیں بوس ہوگئی اور کچل دی گئی۔ ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ایران ان پر اتنی شدید ضرب لگائے گا، لیکن اللہ کے فضل سے یہ واقعہ رونما ہوا۔
انہوں نے کہا ایران کی مسلح افواج نے صیہونی حکومت کے پیشرفتہ دفاعی نظام کے کئی حصے عبور کر کے ان کے فوجی اور شہری مراکز کو اپنے میزائلوں سے نشانہ بنایا اور انہیں تباہ کر دیا۔ یہ اللہ کی بڑی نعمت ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ صیہونی حکومت کو اپنی جارحیت کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔”
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا “یہ حملہ نہ صرف ایران کی طاقت کا مظہر ہے بلکہ فلسطینی عوام کے حق میں ایران کی مستقل اور عملی حمایت کا ثبوت بھی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے اور رہے گا، اور ہر جارحیت کا جواب ضرور دیا جائے گا۔”
انہوں نے زور دیا کہ صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ خطے میں مظلوموں پر مظالم ڈھانے والوں کو اب قیمت چکانی پڑے گی اور آئندہ بھی اسلامی جمہوریہ ایران اس راہ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔