مقبوضہ بیت المقدس – فلسطین فائونڈیشن پاکستان مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں قائم قابض اسرائیلی فوج کی تنصیبات پر لبنان سے دوبارہ میزائل اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے ہیں۔
ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ پیر کی شام مقبوضہ شمالی فلسطین پر ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ کیا گیا، جس میں اسرائیلی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب قابض فوج کے چیف آف اسٹاف ہرزی ہیلیوی اور ان کے امریکی ہم منصب چارلس براؤن ملاقات کر رہے تھے۔
عبرانی اخبار معاریو نے کہا کہ “لبنان کے ساتھ شمالی سرحد پر واقع قصبوں کی طرف تقریباً 20 میزائل داغے گئے”۔
عبرانی چینل 12 نے رپورٹ کیا کہ عینی شاہدین کے مطابق تل ابیب میں ایک دھماکے کی آواز سنائی دی ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
قابض اسرائیلی فوج نے سوموار کی شام جنوبی لبنان کے کئی قصبوں پر بمباری کی۔
قابض فوج کے جنگی طیاروں نے جاسوسی اور فوجی طیاروں کے ساتھ مل کر الطیری، زوطر الشرقیہ، یحمر، الخردلی، دیر میماس اور المان کے قصبوں کے مضافات کو نشانہ بناتے ہوئے پرتشدد حملوں کا سلسلہ شروع کیا۔
پچھلے سال آٹھ اکتوبر کے بعد سے جنوبی لبنان میں لبنانی حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان تقریباً روزانہ فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔