غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں انٹرنیٹ اور لینڈ لائن سروسز میں خلل یا مکمل تعطل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ صورتحال ایک اہم مواصلاتی راستے کی ایمرجنسی مرمت کے باعث پیدا ہو سکتی ہے۔
ہفتے کی شام جاری کردہ ایک فوری بیان میں کمپنی نے اپنے آفیشل “ایکس” اکاؤنٹ پر کہاکہ “ہم مطلع کرتے ہیں کہ اتوار رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک غزہ کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں انٹرنیٹ اور لینڈ لائن خدمات میں رکاوٹ یا تعطل ممکن ہے، کیونکہ ہم ایک اہم راستے پر فوری مرمت کا کام کر رہے ہیں۔
اس سے قبل کمپنی “بالتل” کی جانب سے بھی بتایا گیا تھا کہ اسرائیل سے غزہ تک بچھائی گئی فائبر آپٹک لائن پر مرمت کا کام کیا جائے گا جو آج رات بارہ بجے سے کل صبح چھ بجے تک جاری رہے گا۔
کمپنی نے واضح کیا کہ اس دوران “بالتل” اور “جوال” نیٹ ورکس پر تقریباً تین گھنٹے تک ٹیلیفونک رابطے متاثر ہوں گے، اور جی ایس ایم نیٹ ورک سے کی جانے والی یا موصول ہونے والی کالز بھی متاثر ہوں گی۔
انٹرنیٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس دوران “بالتل” کے ذریعے فراہم کی جانے والی انٹرنیٹ سروس پورے غزہ میں معطل رہے گی۔
بیان میں مزید وضاحت کی گئی کہ سکیورٹی مقاصد کے لیے سیٹلائٹ فونز دستیاب رہیں گے جبکہ “اوریدو” نیٹ ورک کے صارفین اس متاثرہ دورانیے سے متاثر نہیں ہوں گے۔
اسی طرح وی ایچ ایف (VHF) کمیونیکیشن معمول کے مطابق جاری رہے گی اور ای سم (eSIM) صارفین کی خدمات بھی متاثر نہیں ہوں گی۔