سٹاک ہوم – فلسطین فائونڈیشن پاکستان فلسطین کی واٹر اتھارٹی کے سربراہ مازن غنیم نے کہا ہے کہ جنگ جاری رہنے کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں پانی کا فی کس حصہ 5 لیٹر یومیہ سے زیادہ نہیں ہے، جو کہ انسانی بقا کی کم از کم حد سے بہت کم ہے کیونکہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ کم از کم حد 15 لیٹر یومیہ ہے۔
مازن غنیم نے یہ بات اسٹاک ہوم واٹر ویک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس سیشن کا عنوان “فلسطین میں پانی کی حفاظت اور امن” تھا، جس کا اہتمام عالمی بینک نے واٹر اتھارٹی اور یونیسیف کے تعاون سے کیا تھا۔
غزہ میں صاف پانی ہمیشہ سے ایک محدود وسیلہ رہا ہے، کیونکہ یہ علاقہ پانی کی فراہمی کے لیے کنوؤں اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کے نیٹ ورک پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔
بار بار جبری نقل مکانی کی پالیسی، پانی کی شدید قلت اور بے گھر لوگوں کے خیموں اور سڑکوں پر سیوریج کے نظام کے پھیلاؤ کے نتیجے میں، غزہ میں پولیو وائرس کے غائب ہونے کے 25 سال بعد دوبارہ اس بیماری نے سر اٹھا لیا ہے۔
غنیم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض حکام پر فوری جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالے اور انسانی امداد پہنچانے اور پانی کی سہولیات کو چلانے کے لیے ایندھن کی فراہمی اور غزہ میں ہنگامی ردعمل کے منصوبے کے نفاذ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے قابض حکام پر تمام نسل پرست اسرائیلی آبی پالیسیوں کو روکنے، بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی تعمیل کرنے اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کا احترام کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ قابض حکومت نے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کے لیے گرمیوں میں شہریوں کو فراہم کیے جانے والے پانی کی مقدار کو کم کردیا تھا، جبکہ یہودی آباد کاروں کو فلسطینی شہریوں کے مقابلے میں چھ گنا زیادہ پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
بی بی سی کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کے سیٹلائٹ تجزیے کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 کو غزہ کی پٹی پر قابض فوج کی طرف سے مسلط کی گئی جنگ کے بعد سے، غزہ میں پانی اور صفائی کی سیکڑوں سہولیات کو نقصان پہنچا یا تباہ کیا جا چکا ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹوں کے مطابق، گندے پانی کو صاف کرنے والے چھ میں سے چار پلانٹس، جو گندے پانی کے جمع ہونے اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، کو نقصان پہنچا یا تباہ کر دیا گیا۔ دو دیگر ڈی سیلینیشن پلانٹس ایندھن کی کمی یا نقصان کی وجہ سے بند ہو گئے تھے۔