غزہ(مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)نئے سال کے پہلے گھنٹوں کے آغاز کے ساتھ ہی اسرائیلی فوج نے وسطی اسرائیل میں سائرن بجانے کا اعلان کیا جب کہ القسام بریگیڈز نے تل ابیب اور اس کے مضافات کی جانب متعدد راکٹ داغنے کا اعلان کیا ہے۔
القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے M90 راکٹ فائر کئے۔ 20 سے زیادہ راکٹ داغے گئے دریں اثناء اخبار ’ٹائمز آف اسرائیل‘ نے کہا ہے کہ القسام بریگیڈز نے مقامی وقت کے مطابق نصف شب جنوبی اور وسطی اسرائیل پر 20 سے زیادہ راکٹ فائر کیے۔
رپورٹ کے مطابق آئرن ڈوم سسٹم نے زیادہ تر راکٹوں کو روک دیا۔اسرائیلی ایمبولینس سروس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس کے علاوہ غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج اور حماس کے ارکان کے درمیان زمینی لڑائی جاری ہے، جب کہ محصور غزہ کی پٹی کے مکینوں میں مایوسی پھیلی ہوئی ہے۔
غزہ شہر پر رات کی بمباری میں کم از کم 48 فلسطینی شہید ہو گئے اور متعدد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک اور حملے میں مغربی غزہ شہر کی الاقصیٰ یونیورسٹی میں پناہ لینے والے 20 افراد مارے گئے۔
سابق وزیر اوقاف اور مذہبی امور یوسف سلامہ بھی اتوار کے روز غزہ کی پٹی میں ان کے گھر پر اسرائیلی بمباری میں مارے گئے تھے۔