مقبوضہ بیت المقد س(مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) یمن کی مسلح افواج نے بدھ کی شام قابض اسرائیل کے حساس اور اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔ القدس کے مغرب میں ایک اہم ہدف پر سپر سونک بیلسٹک میزائل “فلسطین 2” سے حملہ کیا گیا جبکہ ایک اور اہم ہدف حيفا میں ڈرون طیارے سے تباہ کیا گیا۔
یمن سے داغے گئے دو میزائل قابض اسرائیل کے علاقوں میں گرے۔ قابض اسرائیل کی فوجی ریڈیو کے مطابق ایک میزائل سمندر میں گرا اور دوسرے کو مار گرایا گیا۔
اسی سلسلے میں اسرائیل کی داخلی سکیورٹی نے اطلاع دی کہ یمن سے داغے جانے والے ایک میزائل کے بعد القدس، بحرِ مردار اور دیگر کئی علاقوں میں الرٹ سائرن بجا۔
اس سے قبل یمن کی مسلح افواج نے ایک “خاص اور دوہری” فوجی کارروائی کا اعلان کیا تھا جس میں فلسطین کے قابض علاقوں، خاص طور پر یافا کے حساس مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں دو بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے، جن میں ایک “فلسطین 2” ملٹی ہیڈ وار ہیڈ والا تھا۔
یمن کی افواج نے سرکاری بیان میں کہا کہ یہ کارروائی قابض اسرائیل کی غزہ میں جاری اجتماعی قتل عام اور شہریوں کو قحط میں مبتلا کرنے کے جرائم کے جواب میں کی گئی ہے، اور ساتھ ہی یہ اسرائیل کے یمن پر جارحانہ اقدامات کے ابتدائی جواب کے طور پر بھی ہے۔