طوباس (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) غرب اردن کے شمالی شہر طوباس کی جنوبی بلدہ طمون میں آج جمعرات کی صبح قابض اسرائیلی فوج نے وحشیانہ کارروائی کرتے ہوئے دو فلسطینی مجاہدین کو شہید کر دیا۔ دونوں نوجوان گھر میں محصور تھے جب صہیونی درندہ فوج نے گھیراؤ کر کے حملہ کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں کی شناخت محمد قاسم اور علاء سلیمان کے نام سے ہوئی ہے۔ صہیونی فوج نے ان کے جسد خاکی بھی قبضے میں لے لیے۔
دونوں شہداء نے آخری لمحوں تک قابض اسرائیلی فوج کے خلاف شدید اور بہادری سے لڑائی کی۔ صہیونی فوج نے طمون کے علاقے راس المطلہ میں گھر کا محاصرہ کیا اور بار بار راکٹ داغے اور ڈرون طیارے سے بمباری بھی کی۔
قابض اسرائیلی فوج نے مزید کمک طلب کی، علاقے میں بکتر بند گاڑیاں اور ایک بلڈوزر لائے، فضا میں کم بلندی پر فوجی طیارے منڈلاتے رہے جبکہ خصوصی دستے اور نشانہ باز جگہ جگہ تعینات کیے گئے۔
صہیونی فوج نے راس المطلہ کے پورے علاقے کو سخت فوجی حصار میں لے کر گھروں کی تلاشی لی اور محاصرہ کئی گھنٹوں تک جاری رکھا۔
یاد رہے کہ شہید محمد قاسم، احمد قاسم کے بھائی ہیں جو اس سے قبل قابض اسرائیلی فوج کے ایک قتل عام میں شہید ہوئے تھے۔